حضرت زہرا (س) کے معجزات



جناب زہرا (س) پر آگ کا حرام ہونا

ایک دن جناب عایشہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر میں آئیں جناب زہرا (س) حسنین (ع) کے لیے کھانا تیار کر رہی تھیں آپ نے دیگ میں کچھ کھانا چولہے پر رکھا ہوا تھا جب دیگ ابل کر کھانا اوپر سے گرتا تھا تو آپ دیگ کے اندر اپنا ہاتھ ڈال کر اسے چلا دیتی تھیں۔

 

جناب عایشہ اس ماجرا کو دیکھ کر اضطراب کی حالت میں بھاگتی ہوئی اپنے باپ ابوبکر کے پاس گئیں اور کہا: میں نے فاطمہ سے ایک حیرت انگیز بات دیکھی ہے انہوں نے دیگ چولہے پر چڑھا رکھی ہے اور جب دیگ سے کھانا گرتا ہے تو اسے ہاتھ سے چلا دیتی ہیں۔ ابوبکر نے کہا: اس بات کو چھپا لو یہ بہت اہم بات ہے۔

 

آخر کار یہ بات رسول خدا (ص) کے کانوں تک پہنچ گئی آپ نماز کے بعد منبر پر گئے اور خدا کی حمد و ثنا کرنے کے بعد فرمایا:

 

بعض لوگ دیگ اور آگ کو دیکھ کر بڑا تعجب کرتے ہیں۔ قسم اس ذات کی جس نے مجھے نبوت پر مبعوث کیا ہے اور رسالت کے لیے منتخب کیا ہے، خداوند عالم نے آگ کو فاطمہ کے گوشت، خون، اور ایک ایک بال پر حرام قرار دیا ہے۔ فاطمہ کی اولاد اور ان کی شیعوں کو آگ سے دور رکھا ہے فاطمہ کی اولاد میں سے بعض اس مقام پر فائز ہوں گے کہ آگ اور سورج و چاند ان کی اطاعت کریں گے پیغمبر ان کے سلسلے میں اپنے عہد و پیمان وفا کریں گے، زمین اپنے خزانے انہیں پیش کر دے گی اور آسمان اپنی برکتیں ان پر نازل کر دے گا۔

 

وائے وائے وائے اس شخص پر جو فاطمہ کی فضیلت میں شک و تردید کرے اور خدا کی لعنت اس شخص پر جو ان کے شوہر علی بن ابی طالب کے ساتھ دشمنی کرے اور ان کی اولاد کی امامت پر راضی نہ ہو۔ بیشک فاطمہ کا اللہ کے یہاں مقام ہے اور ان کے شیعوں کا بھی بہترین مقام ہو گا۔ بتحقیق فاطمہ مجھ سے پہلے دعا کرے گی اور شفاعت کرے گی اور اس کے باوجود کہ لوگ ان کی مخالفت کریں گے فاطمہ کی شفاعت قبول کی جائے گی۔ (۷)



back 1 2 3 4 5 6 next