نسوانیت کا استحصال



 

پہلے گھروں میں جو خلوت گزینی اور امن و آشتی کا ماحول دیکھنے کو ملتا تھا وہ افراد خانہ خصوصاً میاں بیوی کے درمیان محبت اور کشش کو بڑھاوا دینے کا باعث ہوتا تھا جس کے اثر سے شوہروں کے اندر شام کو دیر تک آوارہ گردی میں گھومتے رہنے کی بجائے جلدی گھر پہنچ جانے کی لگن جلا پاتی تھی، لیکن یہ آہستہ آہستہ ماضی کی داستان رہ گئی، دوسری جانب تبدیل پذیر ماحول میں، کرایہ کی خواتین، نائٹ کلبوں میں مردوں کے لئے مصنوعی مسکراہٹوں اور راحتوں کا اہتمام مہیا رکھتی تھیں، جس کا روح اور وجدان سے کوئی تعلق نہیں ہوتا تھا، ان حالات میں ایک کام کرنے والی خاتوں کے لئے یہ ناگزیر بنتا گیا کہ وہ اپنے شوہر اور بچوں کی جانب توجہ سے دامن چھڑائے یا جی چرائے، اس کا بیشتر کمایا ہوا مال میک اپ اور بدلتے فیشنوں کے بڑھتے رحجانات کا شکار ہو جاتا تھا، پہلے تو عموماً یہ صورتحال تھی کہ عورت اپنے شوہر یا قبیحہ بندھنوں کی سینہ زوری کی شکار تھی، لیکن اب ”نئے نظام“ کی زور زبردستی کی چکی میں اُن کی نسوانیت پستی رہی، زنا بالجبر، خودکشی، قتل و اغوا اور دیگر قسم کی اذیتیں عام نوعیت کی جھلکیاں ہیں، جو دوسرے نفسیاتی امراض کے علاوہ ”کنبہ“ اور ”خانوادگی“ کی مرکزیت کو تباہ کرتی رہی۔

 

شادی اور گھرانہ کے بارے میں مغربی ماحول اوائل بیسویں صدی عیسوی سے عموماً گھناونی اور تخریبی صورتحال پیش کرتا رہا ہے، شہری مراکز میں روز افزوں اُن (غیر قانونی) جوڑوں کی بڑھتی جا رہی بھیڑ ہوتی ہے، جن میں جوان بھی ہوتے ہیں اور اوسط عمر کے مرد و خواتین بھی، تاکہ وہ شادی کی رجسٹریشن کرائیں۔ ان میں اکثریت ایسے جوڑوں کی ہوتی ہے جن کے لئے شادی کا اشتیاق اور ایک دوسرے کی قُربت کا جذبہ تازہ نہیں ہوا کرتا ہے، کیونکہ برسوں تک آپس میں جنسی تعلقات کا مادّی جذبہ، روحانی تقدس، احساس ذمہ داری اور نکاح کے ثوابی تصور کی عدم موجودگی میں محبت کی گرمجوشی کا حامل نظر نہیں آتا ہے، زیادہ تر جوڑے چرچ میں رسم نکاح پورا کرنے کی بجائے حکومت کے میسر کردہ سٹی سنٹروں میں رجسٹریشن کو ترجیح دیتے ہیں، (سٹی سنٹروں کے سہولیت حکومت نے مہیا کر رکھی ہوتی ہے) ۔

 

چنانچہ رجسٹریشن کے بعد کئی برسوں تک عموماً (شادی شدہ/رسم شادی سے فراغت پانے والے جوڑے) بچہ کی تولید نہیں چاہتے ہیں، جب اس کی ضرورت محسوس ہوتی ہے یا کنبہ والی زندگی کا جذبہ بیدار ہو جاتا ہے اس وقت خاصی تعداد جوانی کی حدوں کو پار چکے ہوتے ہیں، اس طرح بچوں کی صحت مند اور تعمیری تربیت و پرورش کی خاطر مہر و جذبہ، حرکت و ولولہ نہیں پایا جاتا ہے جو اُن کو فیملی لائف سے جڑا رکھنے کا باعث بن جاتا! عموماً ننھے بچوں کے لئے اطفال کی پرورش گاہوں (Creches) میں پال پوس کا اہتمام کیا جاتا ہے، یہ بچے ماں کی آغوش کی ممتائی آہٹوں کی لوریوں سے محروم رہ جاتے ہیں۔

 

مذکورہ مجموعی مغربی ماحول کے مقابلے میں جب ہم مشرقی معاشرتی ماحول کا مشاہدہ کرتے ہیں، عام طور پر دو قسم کے لوگ دکھائی دیتے ہیں، ایک وہ جو مغربی طرز زندگی سے مختلف تو ہیں لیکن کئی پہلوﺅں سے قابل مذمت طریقہ کار اپنا رکھا ہے، نیز ایسے لوگوں کا حلقہ اُبھر چکا ہے جو مغرب کے بڑھتے ہوئے سیاسی اور اقتصادی نفوذ کے تحت موہومیت کی صورتحال میں ہو بہو مغربی معاشرہ کی نقالی کرتے ہیں حالانکہ یہ براہ راست اپنے اخلاقی و تمدنی اقدار میں خود اعتمادی نہ ہونے (مشرق کے) اقتصادی نظاموں کی ناکامی اور کمزور سیاسی حکمت عملی کے نتائج ہیں، جس نے یہاں گروہی طبقاتی اور مذہبی تعصب اور توہمات کی وجہ سے سر اٹھا رکھا ہے ۔

 

اکثر مشرقی اقوام کے اندر شادی بیاہ کے رسوم میں اسراف و تبذیر کا شدید مظاہرہ ہوتا ہے، کبھی کبھی اس طرح کی مجالس کو سماجی یا سیاسی دبدبہ کے مظاہرہ میں تبدیل کیا جاتا ہے، متعدد حلقوں/علاقوں میں نجومی علامات و اوقات سے جڑے اثرات کے خوف و توہم سے سرگرمئی حیات کو مفقود و محدود رکھا جاتا ہے جس سے متعلقہ لوگوں کے اندر امتزاجی اور نفسیاتی قوتوں کے صحیح و مثبت استعمال کی جہت و جہد سرد پڑ جاتی ہے، اس سے انکی مثبت فکر اور تعمیراتی نظر کا جذبہ کمزور ہو جاتا ہے، مشرق میں لوگ عام طور پر ذات پات، قبیلہ بندی، لسانی طبقوں اور قومیاتی گروہوں میں بٹے ہوئے ہیں، مختلف مذہبی فرقوں کے درمیان اتحاد کا اصلی و داخلی جذبہ نہیں پایا جاتا ہے، بلکہ نفرت، عدم رواداری اور خاندانی و قبائلی دبدبہ کے منفی جذبات پائے جاتے ہیں، کبھی وہ ایک دوسرے کو وقتی طور یا مصلحتاً برداشت کر لیتے ہیں، یہ ایسی نازک صورتحال ہے جو کبھی اور کسی وقت بھی ٹوٹ سکتی ہے اور مغربی استعمار اس سے سُوء استفادہ کرتا ہے اور کر سکتا ہے!

 

سرمایہ دارانہ نظام سرعت کے ساتھ عالمی سطح پر مادیّت زدہ ذہنیت کے ساتھ نفاذ کر چکا ہے، ایک ایسے معاشرہ میں جہاں قریباً تمام سوچ پیداوار، سپلائی اور کھپت کے تناسب اور مادّی منفعت کے گرد گھومتی ہو، ایک خاتوں کی جبلت و حیثیت کی صحیح شناخت کا اندازہ ممکن نہیں، اس کی وفا کا تقدس، اطاعت کا اخلاص، رحم دلی کا جذبہ، شفقت کا سرمایہ، صبر کی اصالت اور شرم و حیا کی فطرت، نیز اس کی شخصیت سے مربوط صلاحیتوں سمیت دیگر نسوانی خصوصیات کو ایسے ماحول میں محسوس کرنا یا بارآور کرنا مشکل ہے، بلکہ ان کا نکھار و سُدھار نہایت مشکل ہے ۔

 

افسوس ہے کہ مالی مفادات کے لئے، جنسی خواہشات کو برانگیختہ کر کے پُر کشش طرز اَدا کے ذریعے اُنکا استحصال کیا جاتا ہے، خواتین کی مذکورہ طبعی خصوصیات سے ناجایز فائدہ اُٹھایا جا رہا ہے، چنانچہ عالمی سطح پر مادی منافع کے لئے مختلف حربے حتٰی کہ شرمناک ذرائع آزمانے کی لَت پڑی ہے، روحانی اور اخلاقی اقدار زندگی گزارنے کی واقعیت کے اسرار ناپید ہوتے جا رہے ہیں، حتٰی کہ واضح طور پر ایڈز کی بیماری کا پھیلاﺅ 37 فیصد جنسی بے راہ روی کا نتیجہ ہوتا ہے، پھر بھی عریانیت اور شہوانی نظاروں اور آوازوں کو حق شمار کر کے آڈیو وِژول (Audio Visual) اشتہارات کے ذریعے بھڑکاتے رہنے میں سرعت پیدا ہوتی جا رہی ہے ۔

 

لواطہ(homosexuality) کو کئی امریکی اور یورپی ممالک میں آئینی حق دیا گیا ہے، جو واضح طور پر مجموعی و اصولی معنوں میں حقوق خواتین کے ساتھ خیانت ہے، ہمارے معاشرہ میں خواتین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، شادی کے لئے نوکر پیشہ (employed) خواتین کو ”سیرت و صورت“ پر ترجیح دی جاتی ہے، بعض حلقوں میں مشاہدہ کے مطابق، لالچی مرد اور لالچی عورتیں نکاح کرنے اور طلاق لینے کو تجارت بنا چکے ہیں، ننھے بچے اس معاشرتی انحطاط کا بری طرح شکار ہو رہے ہیں، نونہالوں کو فلموں کے ذریعے قتل، ڈاکہ زنی اور دیگر جرائم کی تربیت دی جا رہی ہے، الیکٹرانک میڈیا سے تخریبی نقالی کو ہوا ملتی جا رہی ہے، اس ماحول میں نفس انسانی زوال پذیر ہوتا ہے ۔



back 1 2