حضرت زهرا (س) کی مختلف دعائیں



 

اے میرے مولا: اے نیکی کرنے والے، اور رحم کرنے والے آہ و زاری کرنے والوں میں سے میری دعاؤں کو قبول فرما اور فریاد کرنے والی عورتوں میں سے میرے اشکوں کو اپنی رحمت سے نواز، اور جب اس دنیا سے جاؤں تو اپنی ملاقات اور دیدار کو میرے لئے آسان فرما، اور اے امیدوں کی آخری پناہ گاہ مردوں کے بیچ میرے عیبوں کو چھپانا اور جب قبر میں تنہا ہوں تو مجھے اپنے لطف و مہربانی سے نوازنا، یقینا تو میری امید ہے، اور میری حاجات کے ظاہر کرنے کی جگہ ہے، اور تو میری حاجات سے آگاہ ہے۔

 

اے حاجتوں کو پورا کرنے والے میری حاجات کوپورا فرما، پس تمہاری طرف شکایت لے کر آئی ہوں کیونکہ تو مددگار اور امیدوں کا مرکز ہے، اور گناہوں سے فرار کرکے تیری پناہ گاہ میں آئی ہوں پس مجھے قبول فرما او رتیری عدالت کے ڈر سے اپنے گناہوں کی بخشش کی التجا کرتی ہوں میری مدد فرما، اور تیرے غضب سے ڈر کر تیری مغفرت کی جستجو میں ہوں مجھے پناہ دے اور تیرے عذاب کے ڈر سے تیری رحمتوں کی طلبگار ہوں مجھے نجات دے۔

 

اور اسلام کے ذریعے سے تمہاری قربت کی طلبگار ہوں مجھے اپنے قریب فرما، اور قیامت کے دن کے خوف سے مجھے محفوظ فرما، اور اپنے عرش کے سائے میں مجھے جگہ عنایت فرما، اور مجھے اپنی رحمت سے شامل حال فرما، اور سلامتی کے ساتھ دنیا سے نجات دے، اور اندھیروں سے روشنی کی طرف نکلنے کی توفیق عطا فرما۔

 

قیامت کے دن میرے چہرے کو روشنی عطا فرمانا اور آسان طریقہ سے میرا محاسبہ فرمانا اور مجھے اپنے عیبوں کے مقابلے میں شرمندہ نہ فرمانا، اور مصیبتوں کے مقابلے میں صبر کی دولت سے نوازنا، اور جس طرح حضرت یوسف سے بدی اور پستیوں کو دور کیا تھا مجھ سے بھی دور فرما، اور جس چیز کی طاقت نہیں رکھتی مجھ پر مسلط نہ فرمانا۔

 

مجھے جنت کی طرف ہدایت فرما، اور معارت قرآن سے مجھے مستفید فرما، اور صحیح بات کے ساتھ مجھے ثابت قدم رکھ، اور شیطان مردود سے محفوظ فرما، پس مجھے اپنی قوت، قدرت اور جبروت سے جہنم سے محفوظ رکھ اور اپنے حلم اور علم اور رحمت واسع کے ذریعے سے جہنم سے نجات دے اور اپنی جنت الفردودس میں جگہ عطا فرما، اور مجھے اپنے دیدار کی زیارت نصیب فرما اور اپنے نبی حضرت محمد سے ملحق فرما، شیاطین اور ان کے دوست اور ہر شریر کے شر سے میری حفاظت فرما۔



back 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 next