حضرت زهرا (س) کی مختلف دعائیں



تعقبات نماز عصر

پاک ہے وہ ذات جو دل کی دھڑکنوں سے واقف ہے۔

پاک ہے وہ ذات جو گناہوں کی تعداد کو جانتی ہے۔

پاک ہے وہ ذات جس سے زمین و آسمان میں کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہے اور تمام تعریفیں اس ہستی کے لیے سزا وار ہیں جس نے مجھے اپنی نعمتوں کو جھٹلانے والا اور اپنے فضل سے انکار کرنے والا نہیں بنایا۔ پس خیر و برکت اسی کے لئے ہے اور وہی اس کا اہل ہے۔

تمام تعریفیں اس ذات کے لئے ہیں جس کی دلیل اور برہان تمام انسانوں کے لئے ہے خواہ فرماں بردار ہوں یا گناہگار۔ اگر کسی کو اپنی رحمت سے نوازے تو یہ اس کی جود و بخشش ہے اور اگر کسی کو سزا دے تو یہ انسان کے لئے اپنے اعمال کی وجہ سے ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر ستم روا نہیں رکھتا۔

تمام تعریفیں اس ذات کے ساتھ مخصوص ہیں جس کا مکان عالی ترین ہے، جس کی بنیادیں مضبوط ہیں، جس کا مقام و منزلت بلند تر، جس کی دلیل روشن ہے جو عظیم الشان، بخشنے والا‘ مہربان اور انعام کرنے والا، احسان کرنے والا ہے۔

سب تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جو ہر مخلوق سے پوشیدہ ہے جو حقیقت ربوبیت اور طاقت وحدانیت سے مشاہدہ کرتا ہے۔ آنکھیں اس کا ادراک نہیں کر سکتی۔ اطلاعات و مشاہدات اس کا احاطہ نہیں کر سکتے کوئی پیمانہ اسے معین نہیں کر سکتا۔ گمان اس کو نہیں پاسکتا کیونکہ وہ طاقتور بادشاہ ہے۔

پروردگارا: تو میرے مکان اور جگہ کو دیکھ رہا ہے اور میرے کلام کو سن رہا ہے اور میرے امور پر مطلع رکھتا ہے۔ میرے دل کی ہر چیز سے آگاہ ہے اور میرا کوئی کام تجھ سے مخفی نہیں ہے۔ میں مجبور ہو کر تیری طرف آئی ہوں ، اپنی حاجات کی تجھ سے طلب گار ہوں اور اپنے تمام مسائل میں تیری طرف عاجزی سے متوجہ ہوں، اور فقر و نیاز مندی اور عزت اور ذلت، تنگدستی و محتاجی میں تجھ سے مدد چاہتی ہوں۔

تو بخشنے والا اور معاف کرنے والا بے نیاز رب ہے، لہذا تو میرے غیر کو عذاب دے گا مگر میرے لئے تیرے علاوہ کوئی بخشنے والا نہیں ملتا جبکہ تومجھے عذاب دینے سے بے نیاز ہے اور میں تیری رحمت کی محتاج ہوں،

پس اس وجہ سے کہ میں تیری بارگاہ میں نیاز مند ہوں اور تو مجھ سے بے نیاز، اور تو مجھ پر مکمل طور پر تسلط اور قدرت رکھتا ہے، لہذا میری اس دعا کو ایسی دعا قرار دے جو تیری بارگاہ میں قابل قبول ہو اور میرے لئے ایسی جگہ قرار دے جو تیری رحمت کے اترنے کی جگہ سے متصل ہو، اور میری اس حاجت کو ایسی حاجت قرار دے جو کامیابی کے ساتھ ہمکنار ہو۔

اور وہ کام جن کے سخت ہونے کے متعلق میں پریشان ہوں ان کوآسان فرما اور وہ کام جن کے انجام دینے سے عاجز ہوں مجھے طاقت و قوت سے نواز اور تیرے بندوں میں سے جو بھی میرے بارے برے ارادے رکھتا ہے اس کو مغلوب کر، اے بہترین رحمت کرنے والے میری دعا کو قبول فرما۔



back 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 next