مذاہب کی مشترکہ بنیادیں قرآنی نظریہ



 

امن اورافہام وتفہیم کی بنیادیں پہلے سے موجود ہیں ۔ ایک خدا کی محبت اور ہمسائے سے محبت کا حکم دونوں ادیان کے بنیادی اصولوں کا اہم حصہ ہے ۔ یہ اصول اسلام اورمسیحیت کی مقدس کتب میں جا بجا ملتے ہیں، پس خدا کی وحدانیت سے محبت کا ضروری ہونا اورہمسائے سے محبت کا ضروری ہونا اسلام اورمسیحیت کی مشترکہ بنیادیں ہیں ۔

 

اسلام اورمسیحیت اگرچہ واضح طور پر دو مختلف ادیان ہیں اوردونوں ادیان کے درمیان بعض رسمی اختلافات کو کم نہیں کیا جاسکتا لیکن یہ واضح ہے کہ مندرجہ بالا دو عظیم ترین احکام قرآن، تورات اورعہد نامہ جدید کے مابین مشترک بنیادیں اوروجہ اتصال ہیں ۔

 

ادیان کے درمیان مشترک بنیاد کی تلاش صرف چنیدہ مذہبی علماء کے درمیان باہم شائستہ مکالمہ تک ہی محدود نہیں ہے ۔ مسیحیت اوراسلام دنیا اورتاریخ کے دو بڑے ادیان ہیں جبکہ عیسائی اورمسلمان انسانی آبادی کا بالترتیب تیسرا اورپانچواں حصہ ہیں ۔ مشترکہ طورپر دونوں ادیان کے پیروکار انسانی آبادی کا 55فیصد سے زیادہ بنتے ہیں ۔ان دونوں مذہبی طبقات کے درمیان تعلق پیدا کرنے کا سب سے اہم فائدہ دنیا میں با معنی امن کے قیام میں کردار ادا کرنا ہے ۔ اگر مسلمان اورمسیحی امن سے نہ ہوں گے تو دنیا بھی امن سے نہیں رہ سکتی ۔خوفناک حد تک مسلح جدید دنیا جس میں مسلمان اورمسیحی اس طرح سے مل جل کررہ رہے ہیں کہ پہلے کبھی ایسا نہ تھا، کوئی طرف بھی جھگڑے میں دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی میں سے اکیلے کامیابی حاصل نہیں کرسکتی لہٰذا ہمارا مشترکہ مستقبل خطرے میں رہے گا۔ خود دنیا کی بقا بھی شاید خطرے سے دوچار رہے ۔

 

اس کے باوجود جو جھگڑے اور تباہی سے اپنے مفاد کے لئے لطف اندوز ہوتے ہیں یا سمجھتے ہیں کہ آخر کار وہ ان سے کوئی مفاد اٹھا لیں گے ، ان سے ہم کہتے ہیں کہ اگرہم نے خلوص کے ساتھ امن کے قیام کے لئے اورہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے تمام تر کوششیں نہ کیں توہماری لازوال روحیں بھی خطرے میں رہیں گی ۔

 

لہٰذا آئیے اپنے اختلافات کو اپنے مابین نفرت اورناچاقی کا سبب نہ بننے دیں ۔ آئیے صرف نیکی اوربھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں ۔ آئیے ایک دوسرے کا احترام کریں ۔ ایک دوسرے سے مخلص رہیں ۔ انصاف کریں اورہمدرد رہیں نیز مخلصانہ امن، ہم آہنگی اورایک دوسرے کے لئے نیک تمنا کے ساتھ رہیں ۔



back 1 2 3 4 5 6 next