اسلامى تہذيب و ثقافت

ڈاكٹر على اكبر ولايتي


مقدمہ:

جو كچھ آپ كے سامنے ہے وہ اسلامى سرزمينوں ميں جنم لينے والى تہذيب و تمدن كى دقيق تحقيق اور منصفانہ جائزہ ہے، فاضل مصنف نے اسلامى تہذيب و ثقافت كے معرض وجود ميں آنے، اسكى نشو و نما كے اسباب اور پھر اسكے جمود كى وجوہات كى ايك مكمل تصوير پيش كرنے كى قابل تحسين كوشش كى ہے _

ابتدائي ابواب ميں اسلام كى آمد ، قلوب كى فتح اور پھر مسلمانوں كا نہايت جد و جہد سے اپنى تہذيب و ثقافت كو اسلامى رنگ ميں ڈھالنے كو بہت خوبصورت انداز ميں منقش كيا گيا ہے اور يہ بھى بيان كيا گيا ہے كہ كس طرح اسلامى تعليمات كو دل وجان سے قبول كرنے كى وجہ سے وہ نہايت قليل مدت ميں علم و ترقى كى بلندترين چوٹيوں كو مسخر كرتے ہوئے ترقى وپيشرفت كے ميدان كے فاتح اور ہراول دستہ بن گئے _

اس كے بعد كے ابواب مسلمانوں كى عزت و عظمت كے زوال كے اسباب و وجوہات كو بيان كرتے ہيں اور بتاتے ہيں كہ كس طرح مغربى طاقتوں نے مشرق خصوصاً مسلمانوں كى مادى اور روحانى دولت كو لوٹ كر اور انہيں بيرونى جنگوں اور داخلى خودساختہ تنازعات ميں الجھا كر اپنے ليے عليحدہ جائے امن و سكون بنالى ہے اور مسلمانوں كو ان شيطانى ہتھكنڈوں سے صنعت اور ٹيكنالوجى كے دائرے سے باہر نكالتے ہوئے خود ان علمى ميدانوں كے حاكم بن بيٹھے ہيں ،البتہ اس كے ساتھ ساتھ انہوں نے نئے سے نئے آلات كے ذريعے اپنى روال پذير اور مضر ثقافت كو دوسرے ممالك ميں برآمد كرديا ہے _

مسلمانوں كى اپنے اصلى مقام كو حاصل كرنے كے ليے دوبارہ بيداري، مغرب كى حقيقى تہذيب مسلمان دانشوروں كى زبانى مغرب كے انحطاط اور انكى آسمانى و فطرى اقدار اور روحانيت سے دورى كا تجزيہ، اور ساتھ ہى انہى دانشوروں اور دوسرے مجددين كى طرف سے مغربى ثقافت كے نفوذ كے خطرات سے متنبہ كرنا، جيسے موضوعات كتاب كے آخرى حصے كو تشكيل ديتے ہيں _

مؤلف نے اس گراں بہا تحقيق ميں اپنى استعداد اور صلاحيتوں كا كھل كر اظہار كيا ہے اور سال باسال سے كيے جانے والے اپنے كتابى اور ميدانى مطالعات كے علاوہ دنيا كى مختلف اقوام ، علمي، ثقافتى اور سياسى شخصيتوں كے ساتھ گزارے گئے لمحات اور تجربات كو نہايت خوبصورت انداز ميں زيور تحرير سے آراستہ كيا ہے _ جس پر ہم انكے ليے خداوند متعال سے اجر اور توفيقات كے طالب ہيں _

مؤسسہ معارف اسلامى جس كے نامہ اعمال ميں علوم اسلامى مثلاً فقہ، تفسير، كلام، تاريخ، سيرت ،اخلاق اور معاشرتى علوم كى بھر پور اشاعت و تبليغ جيسے كارہائے نماياں درج ہيں خداوند متعال كا بے حد شكر گزار ہے كہ اس نے اس قيمتى اور مفيد كتاب كے ترجمے كى سعادت اس علمى مؤسسے كو بخشي _

اميد ہے كہ اس كتاب كى طباعت اور اجراء اسلامى ممالك اور مسلمانوں كى سربلندى كى راہ ميں ايك بہت بڑا قدم شمار ہوگا يہاں ہم ضرورى سمجھتے ہيں كہ محترم مترجم على اصغر سيفى اور محترم مصحح سيد عون نقوى كى بے لوث اور مخلصانہ كاوشوں كا شكريہ ادا كريں، خداوند متعال سے ان كى مزيد كا ميابيوں كے ليے دعا گو ہيں _

معارف اسلام پبلشرز

 

تمہيد

عرصہ دراز سے ايك ايرانى مسلمان ہونے كے ناطے اسلام اور ايران كے تہذيبى اور ثقافتى تشخص كا تعين ہر وقت ميرا مقصد جستجو رہا ہے، اسى ليے جہاں كہيں امكان ہوتا كہ مجھے ميرى گم شدہ منزل كا سراغ مل جائے گا ميں بڑے شوق كے ساتھ وہاں بڑھتا كوئي تقرير ہوتى تو اسے سنتا اور كوئي كتاب يامقالہ ہوتا تو مطالعہ كرتا اور حقيقى كى بات جو ميں بتدريج سمجھا يہ تھى كہ ہمارى امت و قوم اور اسكى تہذيب و تمدن پر غيروں كى بدنيتى اور ہمارى سستى كے باعث بہت بڑا ظلم ہوا ہے _



1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 next