صحیفہ حضرت فاطمه زھراء سلام اللہ علیھا



تمام تعریفیں اس ذات کے لئے مخصوص ہیں ، جو درجات کو بلند کرنے والا، آیات کو نازل کرنے وال، برکتوں کو پھیلانے والا، عیبوں پر پردہ ڈالنے والا، نیکیوں کو قبول کرنے والا، لغزشوں سے درگزر کرنے والا، دکھوں کو برطرف کرنے والا، برکتوں کو نازل کرنے والا، دعاؤں کو قبول کرنے والا، اور مردوں کو زندہ کرنے والا ہے جو زمین اور آسمانوں کے باشندوں کا معبود ہے۔

ہر حمد پر اور ذکرپر، شکر و صبر پر، نماز و زکوٰة، پر، قیام و عبادت پر، سعادت و برکت پر، اضافے اور رحمت پر، نعمت اور کرامت پر، فریضہ پر، خوشی اور غمی پر، اور نرمی پر، مصیبت اور دکھ پر، تنگی اور وسعت پر، بے نیازی اور محتاجی میں ، اور ہر حال میں، اور ہر جگہ میں، اور ہرزمانے میں، توقف کی جگہ میں اور کوچ کی حالت میں تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لئے ہیں۔

اے پروردگار: میں تیری پناہ کی طلب گار ہوں مجھے پناہ دے، تجھ سے مدد کی طلب گار ہوں مدد فرما، تیری بارگاہ میں فریاد کرتی ہوں میری فریاد کو پہنچ اور تجھے پکارتی ہوں پس مجھے قبول فرما اور تجھے پکارتی ہوں جواب دو، تجھ سے مغفرت کی طلبگار ہوں، پس مجھے بخش دے، اور تجھ سے مدد کی طلب گار ہوں، میری مدد فرما، تجھ سے ہدایت کی طلبگار ہوں مجھے ہدایت فرما تجھ سے کفایت کرنے کی خواستگار ہوں میری حاجت روائی فرما اور تیری جانب پناہ گزین ہوئی ہوں مجھے پناہ دے، اور تیری رسی سے منسلک ہوئی ہوں میری حفاظت فرما، اور تجھ پر توکل کیا ہے میری کفایت فرما۔

بارالھا: مجھے اپنی پناہ میں، اپنے جوار میں، اپنی حفاظت میں، اپنی پناہگاہ میں، اور اپنے حفظ و امان میں، اپنی حرمت میں، اور اپنی حفاظت میں، اور اپنی رحمتوں کے سایہ میں قرار دے۔

اے پروردگار: میرے لئے اپنی طرف سے محکم سپر قرار دے، اور سامنے سے، اور پیچھے سے دائیں طرف سے، اور بائیں طرف سے، اوپر سے، اور نیچے سے مجھے اپنے حفظ و امان میں رکھ، تاکہ تیری مخلوقات میں سے مجھے کوئی صدمہ اور اذیت نہ پہنچا سکے، اس حق کے ساتھ کہ تیرے علاوہ کوئی معبود نہیں، تو احسان کرنے والا ہے، آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا، صاحب جلالت اور عزت والا ہے۔

پروردگار: حاسدوں کے حسد سے ، زیادتی کرنے والوں کی زیادتی سے، دھوکہ دینے والوں کے دھوکے سے، فراڈ کرنے والوں کے فراڈ سے، بہانہ گروں کے بہانہ سے، ظالموں کے ظلم سے، ستمگاروں کے ستم سے، دشمنوں کی دشمنی سے، جبر کرنے والوں کے جبر سے، تہمت لگانے والوں کی تہمت سے، جادوگروں کے سحر سے، تیری بارگاہ سے نکالے گئے اور شیاطین سے، بادشاہوں کے ظلم سے، اور تمام جہانوں کے برے کاموں سے مجھے دور رکھ۔

اے پروردگار: تیرے چھپے ہوئے اور پاک و پاکیزہ اس نام کے ذریعے سے سوال کرتی ہوں کہ جس کے سبب سے آسمان و زمین کھڑے ہیں، اور تاریکیوں میں روشنی ہے، اور ملائکہ تیرے ذکر اور تسبیح میں مشغول ہیں، اور دلوں میں اسی کا خوف و دبدبہ ہے، اور گردنیں اس کے سامنے سرنگوں ہیں اور مردوں کو اس کے ساتھ زندہ کرتا ہے، میرے تمام گناہوں کو خواہ رات کی تاریکی میں انجام دیئے ہوں یا دن کے اجالوں میں، جانتے ہوئے، یا بھول کر، چھپ کر، یا اعلانیہ طور پر انجام دیئے معاف فرما۔

اے پروردگار: مجھے یقین اور ہدایت، نور و علم اور سمجھداری عطا فرما، تاکہ تیری کتاب پر عمل کر سکوں، اور تیرے حلال کو حلال، اور تیرے حرام کو حرام، اور تیرے واجبات کو ادا، اور تیرے نبی حضرت محمد کی سنت کو قائم کروں۔

بارالھا: مجھے صالحین ما سلف سے ملحق فرما، اور مجھے حاضر صالحین کے زمرہ میں قرار دے، اور میرے اعمال کا خاتمہ بالخیر فرما، یقینا تو بخشنے والا اور رحم کرنے والا ہے۔

اے پروردگار: جب میری عمر گزر جائے، اور میری زندگی اختتام پذیر ہوجائے اور تیری بارگاہ میں حاضر ہوجائے، تو اے مہربان، تو اس وقت جنت میں میرے لئے ایسا گھر قرار دے، جس پر تمام اولین و آخرین رشک کریں۔



back 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36 37 38 39 40 41 42 43 44 45 46 47 48 49 50 51 52 53 54 55 56 57 58 59 60 next