آسان مسائل " آیه الله العظمی سیستانی" (حصہ دوم)



نماز کے بارے میں گفتگو

نماز کے مسائل

ہاں ۔ ہم اپنی گفتگو کا آغاز نماز سے کریں گے،میرے والد نے فرمایا: نماز (جیسا کہ حدیث شریف میں وارد ہوا ہے : ”عمود دین“ ہے۔)

”ان قبلت قبل ما سواھا، و ان ردت رد ماسواھا“۔

”اگر نماز قبول ہوگئی تو ہر چیزقبول ہوجائیگی اوراگر وہ ردکردی گئی تو تمام چیزیں رد کردی جائیں گی“میرے والد نے مزیدفرمایا کہ نماز خالق ومخلوق کے درمیان ایک معین وثابت ملاقاتوں کی جگہ ہے اللہ تعالی نے اس کے اوقات ‘اس کے طریقہ‘اس کی صورتوں،اس کی کیفیات کواپنے بندوں کیلئے مقرر کیاہے تم نمازکے دوران اس کے سامنے اپنی عقل وقلب اور اعضاء وجوارح کواس کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کھڑے ہوجاؤ اس سے بات اور مناجات کرو پس تم پر لازم ہے کہ مناجات کے دوران صفائے قلب وذہن کے ساتھ اشک ریزی کرو(آنسوبہاؤ) اور شفاف روح کے ساتھ اس کی تسبیح کرو ۔

اس طرح کہ جیسے اس کے سامنے کھڑے ہو اور اسی کے ساتھ اس کی ملاقات اور اس کے وصال کی لذت وسعادت کی نعمت سے لطف اندوزہوتے ہو اور یہ فطری بات ہے کہ اس کی محبت تم پر خوف کے ساتھ طاری ہوگی کیونکہ تم اپنے ایسے خالق کے سامنے کھڑے ہوگے کہ جوعظیم اور تم پر رحیم ہے اور تمہارے حال پر مہربان ہے‘ اور سمیع وبصیر ہے ۔

آپ کے مولا حضرت امیرالمومنین علیہ السلام اپنے رب کی عبادت میں پوری طرح مستغرق رہتے اور ہر وقت اس کی طرف اس طرح متوجہ رہتے کہ جنگ صفین میں آپ کے جسم سے تیر نکالا گیا تو اس کا دردو الم آپ کو اپنے رب کی مناجات سے نہ روک سکا ۔

امام حضرت زین العابدین علیہ السلام جب وضو کرتے تو آپ کا رنگ زرد پڑجاتا آپ کے گھروالوں میں سے کسی نے پوچھاآپ کا وضو کے وقت یہ کیا حال ہوجاتا ہے؟تو آپ نے جواب میں فرمایا: کیا تم نہیں جانتے کہ میں کس کے سامنے کھڑے ہونے جارہا ہوں اور جب آپ نماز کے لئے کھڑے ہوتے تو آپ کے جسم میں لرزہ پڑجاتا کسی نے اس بارے میں پوچھا تو آپ نے فرمایا :

”میں اپنے رب کے سامنے کھڑا ہونا چاہتاہوں اور اس سے مناجات کرنا چاہتاہوں تو میرے جسم میں لرزہ پڑجاتاہے “۔

اور جب تمہارے امام حضرت موسیٰ کاظم علیہ السلام گوشہ تنہائی میں نماز کے لئے کھڑے ہوتے تھے تو روتے اور آپ کے جسم کے اعضاء میں اضطراب پیدا ہوجاتا اور آپ کے قلب(مبارک) میں خوف خدا سے حزن واندوہ پیدا ہو جاتاتھا ۔

اور جب آپ کو ہارون رشید کے تاریک اور وحشتناک قید خانہ میں لے جایا گیا تو وہاں آپ خدا کی اطاعت وعبادت میں مشغول ہوگئے اور اس بہترین وپسندیدہ فرصت کے مہیا ہونے پر اپنے پروردگار کا شکر بجالائے اور اپنے پروردگارکومخاطب کرتے ہوئے فرماتے ہیں”میں نے تجھ سے عرض کیا تھا کہ مجھے اپنی عبادت کا موقعہ عنایت فرماتو نے میری اس دعا کو قبول کیا لہٰذا میں تیری اس چیزپر حمدوثنا بجالاتاہوں ۔

اور میرے والد نے بات جاری رکھتے ہوئے فرمایا نماز نفس کی اندرونی خواہش وکیفیت کی ظاہری حالت اور ایسے خدا سے لگاؤ اور ربط کانام ہے جوکائنات کا خالق‘غالب‘ مالک اور سب کا نگہبان ہے۔جس وقت تم اپنی نماز کو شروع کرتے ہوئے (اللہ اکبر ) کہتے ہو تو مادیات اور اس کی راہ وروش اور اسی کی زیب وزینت تمام کی تمام تمہارے نفس میں سے دور ہوجاتی ہے اور تم اکثر مضمحل ہوجاتے ہو کیونکہ تم اس کے سامنے کھڑے ہوتے ہو کہ جو خالق کائنات اور اس پر غالب ہے جس نے اس دنیا کو اپنی مشئیت کے مطابق مسخر کیا ہے پس وہ ہر چیز سے بڑا عظیم ہے اور ہر چیز اس کے قبضہ میں ہے اور جس وقت تم سورة الحمد کی قرائت کرتے ہو ایاک نعبدوایاک نستعین تو تم اپنے نفس اور جسم کو اللہ قادرو حکیم کی استعانت کے علاوہ کسی دوسری استعانت کے اثر سے پاک وصاف کرلیتے ہو۔(یعنی صرف اللہ سے استعانت چاہتے ہو کسی اور سے نہیں )اور یہ خشوع کی پسندیدہ عادت ہر روز پانچ مرتبہ حتمی ہوجاتی ہے صبح ظہر،عصر،مغرب،اور عشاء،اور اگر تم چاہو اس میں مستحب نمازوں کا اضافہ کر سکتے ہو ۔



1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36 37 38 39 40 41 42 43 44 45 46 47 48 49 50 51 52 53 54 55 56 57 58 59 60 61 62 63 64 65 66 67 68 69 70 71 72 73 74 75 76 77 78 79 next